اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹرز قذافی اسٹیڈیم کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔
وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں موجود جدید ترین تربیتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس دورے کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے درمیان دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین کرکٹ کی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ایرانی کرکٹ کے لیے کھیلوں و کرکٹ کے سازوسامان کی فراہمی میں معاونت کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ایران کی جونیئر اور سینئر کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ معاونت، تجارب اور مہارت فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی کوچز ایرانی ٹیموں کی رہنمائی کریں گے جبکہ دونوں اداروں کے درمیان کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مزید برآں، پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے جونیئر و سینئر کرکٹرز کی ضروریات کی نشاندہی کرنے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی کامل اتفاق کیا۔