عمران خان کی قیادت میں کھیلتا تو ٹیسٹ میں 400 وکٹیں لیتا، شعیب اختر

image

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ اگر انہیں سابق کپتان عمران خان کی متحرک اور جارحانہ قیادت میں کھیلنے کا موقع ملتا تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کرلیتے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والی انجریز اور جسمانی مشکلات کا ذکر بھی کیا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہیں میچ سے قبل دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں کئی گھنٹے پہلے اٹھنا پڑتا تھا، سائیکلنگ اور جم کے بعد گھٹنوں کا علاج اور بحالی کا عمل کرنا پڑتا، جس کے بعد وہ میچ میں بولنگ کے قابل ہوتے تھے۔

اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 400 تک نہ پہنچنے کے سوال پر شعیب اختر نے کہا کہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کی ہیں، تاہم اگر عمران خان کی قیادت میں کھیلتے تو بہت کچھ سیکھتے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی 400 وکٹیں مکمل کرلیتے۔

شعیب اختر نے پاکستان کی جانب سے 46 ٹیسٹ میچز میں 178، 163 ون ڈے میچز میں 247 اور 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US