"انجری کے بعد کم بیک مشکل تھا لیکن امید تھی کہ موقع ملتے ہی بیسٹ دوں گی"، شوال ذوالفقار

image

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹر شوال ذوالفقار نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجری کے بعد ٹیم میں کم بیک کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، تاہم وہ اس بات کے لیے پرامید تھیں کہ جب بھی موقع ملے گا تو اپنا بہترین کھیل پیش کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کے دورے میں ان کی کوشش تھی کہ رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالیں اور آگے بھی ان کا یہی عزم ہے کہ اپنی کارکردگی سے پاکستان ٹیم کو فائدہ پہنچائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انجری کا دورانیہ کھلاڑی کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر انتہائی سخت ہوتا ہے لیکن اس وقت انہوں نے یہی سوچ کر حوصلہ برقرار رکھا کہ یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔ شوال ذوالفقار کے مطابق اب کرکٹ پہلے کے مقابلے میں کافی تبدیل ہو چکی ہے، اسی لیے پوری ٹیم اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ خاص طور پر پاور ہیٹنگ اور فیلڈنگ کو بہتر بنانے پر فوکس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے فٹنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فارمیٹ چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، فٹنس سب سے بنیادی چیز ہے کیونکہ دباؤ والے میچز میں کھلاڑی کی فٹنس ہی کام آتی ہے۔ کپتان فاطمہ ثناء سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ طویل عرصے سے کھیل رہی ہیں اور ان سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ شوال ذوالفقار نے مزید بتایا کہ پچھلے چھ مہینوں سے ٹیم مثبت سوچ اور بہتر انٹینٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US