میں اور ایشا نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ باہمی احترام کے ساتھ کیا گیا ہے اور ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس دوران ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ یہ اس معاملے پر میرا واحد بیان ہے اس لیے مزید قیاس آرائیوں یا مفروضوں سے گریز کیا جائے۔
بھارتی گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی نے شادی کے صرف پانچ ماہ بعد اپنی علیحدگی کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے پیر کی رات اپنی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر مشترکہ بیان شیئر کرتے ہوئے ازدواجی تعلق ختم ہونے کی تصدیق کی۔ اس اعلان کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے ان کے درمیان مبینہ اختلافات سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا۔
بادشاہ اور ایشا رِکھی نے رواں برس مارچ میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی تاہم جولائی میں ان کے تعلقات میں مبینہ کشیدگی کی خبریں سامنے آنا شروع ہوگئی تھیں۔ ایشا کی جانب سے بادشاہ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں لکھا گیا تھا، ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا ایک امید ہے۔ اس کے ساتھ ٹوٹے ہوئے دل اور ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز بھی موجود تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کے رشتے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں۔
اب دونوں فنکاروں نے اپنے مشترکہ بیان کے ذریعے واضح کردیا ہے کہ وہ باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور اپنی نجی زندگی کے احترام کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ بادشاہ کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے جاسمین مسیح سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کی ازدواجی زندگی 2020 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ اس شادی سے بادشاہ کی ایک بیٹی بھی ہے، جو جنوری 2017 میں پیدا ہوئی۔