پاکستان کے سینئر اداکار خواجہ سلیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان نے اپنی فلموں میں ان کے مقبول کرداروں اور اداکاری کے مخصوص انداز کی نقل کی۔
1972ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے فنی کیریئر کا آغاز کرنے والے خواجہ سلیم انوکھا لاڈلہ، انگار وادی، بشر مومن، آہن، باندی اور محبت تم سے نفرت ہے جیسے متعدد یادگار ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک مقبول ڈرامے میں بولنے کے مخصوص انداز کی نقل بھارتی فلم ’اگنی پتھ‘ میں امیتابھ بچن نے کی، جبکہ پاکستانی اداکار بابر علی نے بھی ان سے اجازت لے کر یہ انداز اپنایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامہ سیریل ’انگار وادی‘ میں ان کا کردار میجر نو لکھا بے حد مقبول ہوا تھا، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی ٹی وی پر ’اجنبی‘ سیریل پیش کی گئی اور بعد میں شاہ رخ خان کی ایک فلم میں بھی ان کے اس کردار کی نقل کی گئی۔