بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے کہ اس بار 2 نومبر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں منعقد ہونے والی روایتی ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔
شاہ رخ خان کے مداح ہر سال 2 نومبر کو ان کی سالگرہ پر ممبئی میں ان کی رہائش گاہ 'منت' کے باہر یا 'بال گندھرو رنگ مندر' میں منعقدہ تقریب میں ان کی ایک جھلک دیکھنے اور ملاقات کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں، تاہم رواں برس 61 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو یہ موقع نہیں مل سکے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'کنگ' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اپنی سالگرہ کے روز لندن میں موجود ہوں گے، جہاں ان کی فلم کے ایک گانے کی شوٹنگ شیڈول ہے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن اور انیل کپور شامل ہیں، اور یہ فلم 24 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔