ڈسکہ: ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی تقریب میں بھگدڑ، 2 افراد جاں بحق، 12 زخمی، مقدمہ درج

image

ڈسکہ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تھانہ موترہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مہندی کی تقریب اور انعامات کی تقسیم کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے، جہاں بدنظمی اور دھکم پیل کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ واقعے میں 30 سالہ عقیل جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے بعدازاں ایک زخمی ریحان ارشد بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تقریب کے منتظمین نے طے شدہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا اور مہمانوں کی آمدورفت اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب انتظامات بھی موجود نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو نے اپنی مہندی کی تقریب میں شرکت کے لیے سوشل میڈیا پر عام دعوت دی تھی۔ تقریب میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے 50 موٹر سائیکلیں، ایک کار اور 50، 50 ہزار روپے نقد انعامات دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جبکہ 20 یتیم لڑکیوں کو جہیز کے لیے مالی امداد دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔

انعامات کے حصول کی امید میں ڈسکہ اور گردونواح سے ہزاروں افراد فراز کرکٹ گراؤنڈ پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق گراؤنڈ کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے باوجود داخلے کے انتظامات مناسب نہیں تھے۔ گیٹ کھولے جانے پر شدید دھکم پیل شروع ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ایک دوسرے کے نیچے دب گئے۔

واقعے سے قبل ٹک ٹاکر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس میں طبیعت ناساز ہونے اور کمر میں درد کے باعث تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اس اعلان کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ گراؤنڈ پہنچ چکے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تقریب کے منتظمین کی جانب سے مبینہ طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ناقص انتظامات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US