بالی ووڈ کے معروف فلم ساز سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں اپنے گھر میں اچانک گرنے کے باعث انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وہ اپنے گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے کی جانب جا رہے تھے کہ زمین پر گر گئے، رات کا وقت ہونے کے سبب گھر والے اس حادثے سے بے خبر رہے اور صبح علم ہونے پر انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق ان کی موت گرنے کی وجہ سے سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سنجے گپتا نے بالی ووڈ کی کئی معروف فلموں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے، جن میں اداکار سنجے دت کی مشہور فلمیں ’کانٹے‘، ’مسافر‘، ’زندہ‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ شامل ہیں۔