اداکار آغا علی کا نیا ڈراما ’ٹوٹا ہوا دل‘ ان دنوں ناظرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے، تاہم حالیہ قسط کا ایک منظر ڈرامے کی کہانی سے زیادہ آغا علی کی حقیقی زندگی سے جڑے ایک دلچسپ حوالے کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا۔
منظر میں آغا علی اپنی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی نازش جہانگیر کے لیے گلابوں کا گلدستہ لے کر گھر آتے ہیں۔ جب وہ ان سے پوچھتی ہیں کہ پھول کیوں لائے ہیں تو آغا علی کا کردار جواب دیتا ہے کہ وہ ایک ایسے گلوکار سے متاثر ہوا ہے جو روزانہ اپنی اہلیہ کے لیے پھول لے کر آتا ہے۔
ناظرین نے اس مکالمے کو فوراً فلک شبیر اور سارہ خان سے جوڑ لیا، کیونکہ فلک شبیر سارہ خان کے لیے پھول لانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خاصے مشہور ہیں اور اب وہ اپنی دونوں بیٹیوں کے لیے بھی پھول لاتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ حوالہ اس لیے بھی دلچسپ بن گیا کہ آغا علی اور سارہ خان ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ رشتے میں تھے اور دونوں کی منگنی بھی ہوئی تھی، تاہم بعد میں یہ رشتہ ختم ہوگیا۔ سارہ خان نے بعد ازاں فلک شبیر سے شادی کرلی، جبکہ آغا علی نے حنا الطاف سے شادی کی تھی، جو بعد میں طلاق پر ختم ہوگئی۔
ڈرامے کے اس مختصر سے منظر نے سوشل میڈیا صارفین کو آغا علی کے ماضی اور موجودہ ڈرامائی کردار کے درمیان تعلق تلاش کرنے کا موقع دے دیا۔ کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کیا کہ آغا علی نے سابقہ منگیتر کے موجودہ شوہر سے متعلق اشارے والا یہ مکالمہ آخر کیوں قبول کیا، جبکہ بعض نے اسے محض ایک دلچسپ اتفاق قرار دیتے ہوئے مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔