پاکستان آٹو شو میں متعارف کروائی جانے والی الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں میں کیا خاص بات ہے؟

پاکستان میں رواں سال پاکستان آٹو شو (پیپس) 2026 کے دوران جہاں بعض نئی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی گئی ہیں وہیں کچھ گاڑیوں کے نئے ماڈلز کی نمائش بھی کی گئی ہے۔

لاہور میں جمعے سے جاری پاکستان آٹو شو (پیپس) 2026 کے دوران جہاں بعض نئی گاڑیاں متعارف کرائی گئی ہیں وہیں کچھ گاڑیوں کے نئے ماڈلز کی نمائش بھی کی گئی ہے۔

اس آٹو شو میں بھی گذشتہ برسوں کی طرح سب کی نظریں الیکٹرک گاڑیوں اور سکوٹرز پر مرکوز رہیں۔ حالیہ عرصے کے دوران پاکستان میں کئی نئی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی گئی ہیں جن میں صارفین کی دلچسپی بڑھی ہے۔ مگر ملک میں چارجنگ انفراسٹرکچر محدود ہونے کی وجہ سے انھیں محض شہروں کے اندر چلانے کا رجحان ہے۔

بعض کمپنیوں کی طرف سے پلگ اِن ہائبرڈ کاریں بھی لانچ کی گئی ہیں جن میں بیٹری اور انجن دونوں موجود ہوتے ہیں۔

لیکن متعارف کرائی جانے والی اکثر گاڑیاں ایک کروڑ روپے یا اس سے زیادہ قیمت کی ہیں۔

ہم نے آٹو شو 2026 کے دوران نمائش میں رکھی گئی بعض سستی اور مہنگی گاڑیوں (اور بائیکس) کی فہرست تیار کی ہے اور ان کی خصوصیات بتائی ہیں۔

چیری کیو: چھوٹی الیکٹرک کار میں کئی جدید فیچرز

چیری کیو ایک چھوٹی ای وی کار ہے جس کی تشہیر شہر میں آمد و رفت کے ماحول دوست اور کم خرچ حل کے طور پر کی جا رہی ہے۔ چین اور دیگر ممالک کے بعد پاکستان وہ پانچواں ملک ہے جہاں یہ کار متعارف کرائی گئی ہے۔ پاکستان میں اسے لانے والا گروپ ماسٹر موٹرز ہے۔

مگر چھوٹی کار ہونے کے باوجود اس میں کچھ ایسے فیچرز ہیں جو عموماً لگژری ایس یو ویز میں دیکھنے کو ملتے ہیں، جیسے تھری 360 کیمرا اور ریڈار، الیکٹرونک ایڈجسٹیبل ڈرائیو سیٹ، وائر لیس چارجر، چھ ایئر بیگز اور 15 انچ کی انفوٹینمنٹ سکرین۔

یہ سنگل موٹر بیٹری الیکٹرک وہیکل یعنی بی ای وی ہے اور اس کی بیٹری کیپسٹی 42.7 کلو واٹ آور ہے جو کمپنی کے مطابق آپ کو 310 سے 400 کلو میٹر کی رینج دے سکتی ہے۔ گھر میں اس کی بیٹری 14 گھنٹے میں مکمل چارج ہو سکتی ہے جبکہ ڈی سی چارجنگ کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ 40 منٹ میں 20 فیصد سے 80 فیصد کی چارجنگ حاصل کی جا سکتی ہے۔

کار میں کچھ سمارٹ فیچرز بھی ہیں، جیسے آٹو میٹک پارکنگ، کروز کنٹرول، آٹو ایمرجنسی بریکنگ، لین ڈپارچر وارننگ وغیرہ۔ فی الحال اس میں آٹو بریکنگ فیچر بند کرنے کا آپشن نہیں ہے جو کہ پاکستانی سڑکوں پر ڈرائیورز کو مشکل صورتحال سے دوچار کر سکتا ہے۔ مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس آپشن کے لیے چینی شراکت داروں سے بات کر رہے ہیں۔

اس کی ایپ سے آپ کار میں بیٹھے بغیر اس کا اے سی بھی آن کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی طور پر اس کی بکنگ 15 لاکھ روپے سے شروع ہو رہی ہیں اور نومبر میں ڈیلیوری شروع ہو گی۔ آٹو شو 2026 کے دوران بتایا گیا کہ اس کی قیمت 55 لاکھ 54 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

بی وائے ڈی سیلائن 6 جس پر آپ بغیر رُکے کراچی سے فیصل آباد پہنچ سکتے ہیں

چین کی بڑی ای وی کمپنی بی وائے ڈی نے پاکستان میں اسمبل ہونے والی سیلائن 6 کی رونمائی کی جو کہ ایک پلگ اِن ہائبرڈ کار ہے۔

یعنی یہ مکمل بیٹری الیکٹرک وہیکل نہیں بلکہ اس میں انجن اور بیٹری دونوں موجود ہیں۔ بی وائے ڈی کا کہنا ہے کہ سندھ میں زیرِ تعمیر ان کا پلانٹ رواں سال کے آخر میں مکمل ہو جائے گا مگر اس سے پہلے ہی انھوں نے آٹو شو 2026 کے دوران پاکستان میں اسمبل ہونے والی اپنی پہلی کار کی نمائش کی ہے۔

اگرچہ اس کار کی مکمل خصوصیات تاحال ظاہر نہیں کی گئی لیکن ہمیں یہ معلوم ہے کہ اس میں 1.5 لیٹر کا ٹربو چارج انجن ہے۔ کمپنی نے اس ایونٹ کے دوران بتایا کہ اس کار کو فُل چارج اور فُل ٹینک میں صارفین 1100 کلو میٹر کی رینج حاصل کر سکتے ہیں، یعنی بغیر رُکے کراچی سے فیصل آباد کا سفر ممکن ہو سکتا ہے۔ یعنی بغیر پیٹرول استعمال کیے صرف اس کی بیٹری ہی آپ کو قریب 100 کلو میٹر کی رینج دینے کے قابل ہونی چاہیے۔

اس میں بی وائے ڈی کی دیگر کاروں کی طرح ایڈاس فیچرز ہیں جبکہ اے سی سمیت کئی چیزوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بٹن نہیں بلکہ انھیں ٹچ سکرین کی مدد سے ہی آن آف کیا جاتا ہے۔

تاحال اس کار کی قیمت نہیں بتائی گئی اور امکان ہے کہ پاکستان میں اسمبل کی گئی بی وائے ڈی کی پہلی کار کو پلانٹ کی تکمیل کے بعد باقاعدہ لانچ کیا جائے گا۔

ایوی ایس ون ایئر: سیلف ڈرائیو الیکٹرک سکوٹر

آٹو شو 2026 کے دوران الیکٹرک بائیکس کی کمپنی ایوی نے ایس 1 ایئر کی نمائش کی جس میں پہلی بار سیلف ڈرائیو کی خصوصیات بھی موجود ہیں۔

یہ سکوٹر ایک تجرباتی ماڈل ہے جسے ابھی تک پاکستان میں لانچ نہیں کیا گیا مگر کمپنی کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا سیلف ڈرائیونگ الیکٹرک سکوٹر ہو سکتا ہے۔

خیال رے کہ بغیر سیلف ڈرائیو فیچر والا ایس ون ایئر پہلے سے پاکستان میں دستیاب ہے جس کی قیمت تین لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔ اس میں 2200 واٹ کی موٹر اور 90 سے 110 کلومیٹر کی رینج ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 65 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

سوزوکی فرونکس اور کِیا سٹونک میں نئے فیچرز

ویسے تو سوزوکی فرونکس رواں سال سوزوکی کی جانب سے متعارف کرائی جا چکی ہے تاہم اب اسے اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک ہائبرڈ کار ہے مگر اس کی بیٹری قدرے چھوٹی ہے جس کی وجہ سے اسے مائلڈ ہائبرڈ کہا جاتا ہے۔

آٹو شو کے دوران سوزوکی نے بتایا کہ فرونکس میں ایڈاس کے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جیسے بلائنڈ سپاٹ مانیٹر، لین اسسٹ، کولیژن وارننگ اور 360 ڈگری کیمرا۔ ڈرائیور کی مدد کے لیے ہیڈز اپ ڈسپلے بھی دیا گیا ہے۔

مگر اب اس کار کی قیمت بڑھا دی گئی ہے۔ سوزوکی کے مطابق اس کی نئی قیمت 68 لاکھ روپے ہو گی۔

لیکن اگر آپ چاہیں تو نئے فیچرز کے بغیر یہ کار ڈسکاؤنٹ پر حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ سوزوکی نے محدود مدت کے لیے فرونکس کی قیمت تین لاکھ روپے کم کر کے 64 لاکھ کر دی ہے۔

دریں اثنا کِیا نے فرونکس کے مدمقابل اپنی کار سٹونک کی نئی جنریشن متعارف کرائی ہے جس کی قیمت تاحال نہیں بتائی گئی۔ اس میں ایک لیٹر کا ٹربو انجن ہے جس میں ڈرائیونگ کے مختلف موڈز بھی ہیں لیکن یہ ہائبرڈ کار نہیں۔

ہیول ایچ 6 جی ٹی: سابقہ ماڈل سے زیادہ بڑی بیٹری

جی ڈبلیو ایم نے پاکستان میں ایک اور پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی متعارف کرائی ہے جس کا نام ایچ 6 جی ٹی ہے۔

سابقہ ایچ 6 کے مقابلے ایچ 6 جی ٹی میں زیادہ بڑی بیٹری ہے جو 1.5 لیٹر ٹربو چارج انجن کے ساتھ کار کو زیادہ طاقتور بناتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ کار محض 4.58 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کی 35.43 کلو واٹ آور کی بیٹری سے صارفین 183 کلو میٹر کی رینج حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں سابقہ ماڈل ایچ 6 کی الیکٹرک رینج قریب 100 کلو میٹر تھی۔

ہیول ایچ 6 جی ٹی کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ 49 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

کائی 04: چھوٹی اور سستی الیکٹرک کار

چینی کمپنی کائی آٹو نے پاکستان میں کچھ ماہ قبل کائی 04 متعارف کرائی تھی جس کی نمائش لاہور میں ہونے والے آٹو شو میں بھی کی گئی۔

کمپنی کے مطابق یہ شہر کے لیے ایک اچھا آپشن ہے جسے ڈی سی فاسٹ چارجنگ پر محض 30 منٹ میں 80 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے۔

اس میں 39.8 کلو واٹ آور کی لیتھیئم آئرن فاسفیٹ بیٹری ہے جس کی رینج 400 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

اس کار میں دو ماڈلز ہیں جن کی قیمتیں قریب 45 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US