بلوچستان کے رکن اسمبلی عبدالرحمان کھیتران کے خلاف قتل اور اغوا کا مقدمہ: پولیس کا اراضی سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد کرنے کا دعویٰ

بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف نہ صرف قتل اور اغوا کا نیا مقدمہ درج ہوا ہے بلکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کی اراضی سے تین افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف نہ صرف قتل اور اغوا کا نیا مقدمہ درج ہوا ہے بلکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کی اراضی سے تین افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف نیا مقدمہ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص پیارا خان بگٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور اغوا کی دفعات شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق اس مقدمے کے اندراج کے بعد ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر سردار عبدالرحمان کھیتران کی اراضی سے تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن میں ایک خاتون کی لاش بھی شامل ہے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف یہ مقدمہ اور الزامات ان کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آئے جس میں انھوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران میر سرفراز بگٹی کی کابینہ کے رکن تھے لیکن رواں سال جولائی میں ان کو کابینہ سے برطرف کر دیا گیا۔

سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا ہے کہ ہر ایک جانتا ہے کہ ان کے خلاف یہ اقدامات کس کے ایما پر ہو رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند کا کہنا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف جو بھی قانونی اقدامات ہوئے ہیں ان سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف ایف آئی آر میں کیا ہے؟

سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف پیارا خان بگٹی نے مقدمے کے اندراج کے لیے بارکھان پولیس سٹیشن میں 18 نومبر کو درخواست دی تھی۔

درخواست گزار کے مطابق انہوں نے سردار عبدالرحمان کھیتران کے کہنے پر چھ سات سال قبل ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے نقل مکانی کر کے بارکھان میں حاجی کوٹ منتقل ہوئے جہاں ان کے دو بیٹوں قمردین اور صاحب دین نے سردار عبدالرحمان کھیتران کے نجی باڈی گارڈز کے طور پر کام شروع کیا۔

انھوں نے بتایا کہ چار سال قبل سردار کھیتران نے انھیں اور ان کے بیٹوں کو دوبارہ طلب کیا اور جب ہم حاجی کوٹ گئے تو وہاں ان کے باڈی گارڈ ثناء اللہ عرف غنی پٹھان اور دوسرے لوگ بھی موجود تھے۔

مدعی کے مطابق ’سردار عبدالرحمان کھیتران نے بتایا کہ ثناء اللہ کو آپ کے بیٹوں کے خلاف شکایت ہے جس پر ثناء اللہ، سردار عبدالرحمان کے بیٹوں اسلام شاہ اور عبدالرئوف سمیت دیگر لوگوں نے میرے بیٹوں کو اغوا کیا اور ان کو سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں رکھا۔‘

درخواست کے مطابق ’انھوں نے کہا کہ مجھے دھمکی دی گئی کہ اگر میں نے پولیس کو بتایا تو میرے دونوں بیٹوں کو مار دیا جائے گا۔‘

مدعی کے مطابق ’میرے بیٹے قمردین کو ایک سال قبل چھوڑ دیا گیا لیکن صاحب دین کو نہیں چھوڑا گیا اور لوگوں کی زبانی اور سوشل میڈیا سے یہ معلوم ہوا کہ صاحب دین کو قتل کر دیا گیا ہے۔‘

پیارا خان بگٹی کے مطابق انھوں نے خوف اور ڈر کی وجہ سے پہلے مقدمہ درج نہیں کرایا لیکن اب سردار عبدالرحمان کھیتران اور دیگر افراد کے خلاف مقدمے کے دعویدار ہیں۔

بارکھان پولیس اسٹیشن میں سردار عبدالرحمان کھیتران، ان کے دو بیٹوں سمیت دیگر افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 342، 343، 364، 365، 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مدعی پیارا خان بگٹی کے بیٹے نے کیا بتایا؟

پیارا خان بگٹی کے بیٹے قمردین بگٹی نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ انہیں اور ان کے بھائی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں رکھا گیا۔

24 سالہ قمردین بگٹی کے مطابق ان کو تین سال تک نجی جیل میں رکھا گیا اور ایک سال قبل ان کو چھوڑ دیا گیا تاہم ان کے بھائی صاحب دین کو نہیں چھوڑا گیا۔

انھوں نے کہا کہ صاحب دین ان سے بڑے ہیں اور ان کی عمر اندازاً پچیس چھبیس سال کے لگ بھگ ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ انھیں مختلف علاقوں میں نجی جیلوں میں رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں سے ایسا سنا ہے کہ میرے بھائی کو مار دیا گیا ہے لیکن فی الحال میں خود یہ نہیں بتا سکتا کہ میرا بھائی زندہ ہے یا ان کو مار دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم غریب لوگ تھے اس لیے میرے بھائی پر ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلق کا بے بنیاد الزام لگا کر ہمیں نجی جیل میں رکھا گیا۔

ایک خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کی گئیں؟

اگرچہ بارکھان پولیس کے مطابق بارکھان کے دو مختلف علاقوں سے تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں لیکن ان میں سے دو افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے بتایا کہ دو افراد کی باقیات کو سنیچر کے روز بارکھان سے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے بظاہر ایک لاش خاتون کی تھی تاہم دونوں لاشیں تقریباً ڈی کمپوز ہو چکی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے سیمپل لے کر ان کو واپس بارکھان روانہ کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کیا کہنا ہے؟

لاشوں کی برآمدگی اور سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف الزامات کے حوالے سے ایس پی بارکھان سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انھوں نے کال وصول نہیں کی۔

تاہم بارکھان میں پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد ایف آئی آر میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر سردار عبدالرحمان کھیتران کی اراضی سے ایک خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جن میں سے دو کی لاشیں بغائو جبکہ ایک کی لاش حاجی کوٹ کے علاقے سے برآمد کی گئی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ ان میں سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان لاشوں کی برآمدگی کے حوالے سے سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوا ہے یا نہیں تو انھوں نے مزید معلومات فراہم نہیں کیں اور کہا کہ وہ مصروف ہیں۔

سردار عبدالرحمان کھیتران سے ان الزامات کے حوالے سے جب فون پر رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی اراضی پر جو قبرستان ہیں ان میں سینکڑوں لوگ مدفون ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’معلوم نہیں میرے خلاف الزام لگانے کے لیے کتنی قبروں سے لوگوں کی لاشوں کو نکالا جائے گا۔‘

سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ یہ سب کو معلوم ہے کہ ان کے خلاف یہ کس کے ایما پر ہو رہا ہے اور وقت آنے پر وہ اس حوالے سے اپنا موقف دیں گے۔

خیال رہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران پر اس سے قبل 2023 کے اوائل میں بھی ان کے ایک ذاتی گن مین خان محمد مری نے اپنی اہلیہ اور بچوں کو نجی جیل میں رکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس وقت بھی مقامی حکام نے کارروائی کر کے خان محمد مری کی اہلیہ اور پانچ بچوں کو بارکھان سے متصل ضلع کوہلو سے بازیاب کیا تھا جبکہ ان کے دو بیٹوں کی لاشوں کے علاوہ ایک اور خاتون کی لاش کو ایک کنویں سے برآمد کیا گیا تھا۔

خان محمد مری نے اپنے بیٹوں کے قتل کا الزام بھی سردار عبدالرحمان کھیتران اور ان کے دیگر ملازمین پر عائد کیا تھا تاہم سردار عبدالرحمان کھیتران نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔

خان محمد مری کے بیٹوں کے قتل کے الزام میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں وہ عدالت سے بری ہو گئے تھے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے درمیان اختلافات

سردار عبدالرحمان کھیتران کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے اور وہ کھیتران قبائل کے سربراہ ہیں۔

وہ طویل عرصے سے بارکھان سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں اور مختلف حکومتوں کا حصہ بھی بنتے رہے ہیں۔

2024 کے عام انتخابات میں سردار عبدالرحمان کھیتران مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر بنا دیے گئے۔

ان کے اور وزیر اعلیٰ کے درمیان کوہ سلیمان کے نام سے نئے انتظامی ڈویژن بنانے اور بارکھان کے علاقے رکھنی کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر بنانے پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے جن کا سردار عبدالرحمان کھیتران نے برملا اظہار کیا تھا۔

سینئر صحافی عرفان سعید کے مطابق سردار عبدالرحمان کھیتران کو یہ شکایت تھی کہ وزیر اعلیٰ ان کے حلقے میں مداخلت کر کے ان کے سیاسی مخالفین کی مدد کر رہے ہیں۔

جب جولائی میں سردار عبدالرحمان کھیتران یورپ کے نجی دورے پر تھے تو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کو کابینہ سے فارغ کیا تھا۔

چند روز قبل سماجی رابطوں کی میڈیا پر ایک انٹرویو میں سردار عبدالرحمان کھیتران نے وزیر اعلیٰ بلوچستان پر متعدد سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

’مقدمات اور قانونی کارروائی سے وزیر اعلیٰ کا کوئی تعلق نہیں‘

سردار عبدالرحمان کھیتران کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

تاہم ان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند کا کہنا تھا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کی جانب سے اپنے خلاف قانونی کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دینا دراصل اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ بارکھان کا واقعہ اور اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز مارچ 2024 میں سرفراز بگٹی کے وزیر اعلیٰ بننے سے بہت پہلے، فروری 2023 میں منظر عام پر آ چکی تھیں۔

شاہد رند نے کہا کہ اگر آج کسی ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر مزید شواہد یا لاشیں برآمد ہوتی ہیں تو یہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا قانونی و تفتیشی عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس عمل کو وزیر اعلیٰ سے منسوب کر کے سیاسی انتقام کا نام دینا حقائق کا جواب نہیں۔ اور یہ ایسیشخصیات کا وطیرہ ہے کہ جب کسی کے خون میں پھنسنے لگتے ہیں تو سیاسی انتقامی کارروائی کی کہانی گڑھدی جاتی ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US