’اُڑتا تیر‘ دراصل ایوشمان کھرانہ کی نئی فلم کا نام ہے، جسے وہ ’سپائی کامیڈی‘ یعنی مزاحیہ مگر جاسوسی فلم قرار دیتے ہیں۔ انڈیا میں جاسوسی کے موضوع پر بننے والی فلم میں پاکستان کا ذکر نہ ہو ایسا دور حاضر میں ممکن نہیں۔
پاکستان اور انڈیا میں ’اُڑتا تیر‘ کی اصطلاح خود کو کسی مصیبت میں پھنسانے کے لیے استعمال ہوتی ہے اور گذشتہ ہفتے انڈین اداکار ایوشمان کھرانہ انہی الفاظ پر پورے اترتے ہوئے دکھائی دیے۔
وہ انڈین کامیڈین سمے رائنا کے شو ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ کے سیزن ٹو میں بطور مہمان شامل ہوئے اور اس کے بعد وہاں موجود افراد نے ان کے ساتھ وہی کیا، جو ماضی میں دیگر مہمانوں کے ساتھ ہوتا رہا ہے: روسٹ۔
’اُڑتا تیر‘ دراصل ایوشمان کھرانہ کی نئی فلم کا نام ہے، جسے وہ ’سپائی کامیڈی‘ یعنی مزاحیہ مگر جاسوسی پر مبنی فلم قرار دیتے ہیں۔ انڈیا میں جاسوسی کے موضوع پر بننے والی فلموں میں پاکستان کا ذکر نہ ہو، ایسا دور حاضر میں ممکن نہیں۔
لیکن ایوشمان کھرانہ اس فلم میں انڈین ایجنٹ بن کر پاکستان میں گھستے ہوئے نہیں بلکہ پاکستانی ایجنٹ بن کر انڈیا میں گھستے ہوئے نظر آئیں گے۔
جب ایوشمان کھرانہ نے ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ میں فلم کی کہانی سنائی تو وہ وہاں بطور جج بیٹھے ایک اور کامیڈین ادتیا کلشیرتھ عرف کُلو کے منھ سے بے ساختہ گلوکار عدنان سمیع خان کا نام نکل گیا۔
فلم کی کہانی اور عدنان سمیع خان کا ذکر
سمے رائنا کے شو میں اداکار ایوشمان کھرانہ نے بتایا کہ ’اُڑتا تیر فلم آ رہی ہے میری۔‘ اس کے بعد کامیڈین نے ان سے پوچھا کہ ’آپ فلم پروموٹ کرنے تو نہیں آئے نہ یہاں؟‘
ایوشمان کھرانہ نے انکار میں جواب دیا اور کمال کی بات یہ تھی کہ وہ اس وقت ایک ایسی ٹی شرٹ پہن کر بیٹھے ہوئے تھے جس پر ’اُڑتا تیر‘ لکھا ہوا تھا۔

سمے رائنا ان سے پوچھا کہ فلم ’اُڑتا تیر‘ کسی بارے میں ہے؟
ایوشمان کھرانہ نے اس سوال کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ انڈیا کی پہلی پیٹریاٹک کامیڈی (حب الوطنی پر مبنی مزاحیہ فلم) ہے۔ اس میں جاسوس میں ہوں اور پاکستانی جاسوس ہوں، جو انڈیا آتا ہے، اس کی یادداشت چلی جاتی ہے اور وہ سوچتا ہے کہ وہ انڈین ہے۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ فلم میں ان کے کردار کو ’ملک سے محبت تو یاد ہے، لیکن ملک کون سا ہے، یہ بھول گیا ہے۔‘
اس پر وہاں بیٹھے کلو نے برجستگی سے کہا ’وہ (جاسوس) عدنان سمیع ہے‘ اور اس کے بعد پورا ہال قہقہوں سے گونج اُٹھا۔
انھوں نے 1990 کی دہائی میں پاکستان میں اپنے کیریئر کی شروعات بطور گلوکار اور موسیقار کی تھی۔ تاہم انھیں سنہ 2016 میں انڈین شہریت مل گئی تھی جہاں وہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے مقیم ہیں۔
ماضی میں متعدد مرتبہ انٹرنیٹ پر طنز و مزاح کے دوران متعدد بار عدنان سمیع کو ’پاکستانی ایجنٹ‘ یا ’میجر عدنان سمیع‘ کہا جاتا رہا ہے۔
لیکن جب ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ میں کلو نے عدنان سمیع کو جاسوس کہا تو خود گلوکار اور موسیقار بھی اس مذاق کا حصہ بنے نہیں رہ سکے۔
انھوں نے ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ کے انسٹاگرام پیج پر ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں لکھا: ’پہلے مجھے حقوق (رائٹس) لو پھر فلم بناؤ۔‘
انسٹاگرام پر صارفین عدنان سمیع خان کے جواب سے بھی محظوظ ہوئے اور ان کے اس کمنٹ پر 23 ہزار سے زیادہ لائکس موجود ہیں۔
’آپ لوگ پاکستان کے بغیر کیا کرو گے‘
انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پر کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ بالی وڈ میں کوئی بھی فلم پاکستان کے ذکر کے بنا نہیں بن رہی۔
ایک صارف نے لکھا: ’کیا کرو گے آپ لوگ پاکستان کے بغیر۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’چھوڑ دو بھائی پاکستان کو، کچھ اپنا بھی بناؤ۔‘
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی پاکستانی صارفین فلم ’اُڑتا تیر‘ پر تنقید کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ایک ایکس صارف نے فلم کو ’دھرندھر کا مزاحیہ ورژن‘ قرار دیا، تو دوسرے نے کہا ’ایک بار پھر پاکستان کا استعمال مفت پبلسٹی اور شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘
گذشتہ برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار روزہ جنگ کے بعد اس طرح کی فلموں پر پاکستانی صارفین اکثر طنز کے تیر برساتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
سارہ نامی ایکس صارف فلم کے ٹریلر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’بیچارے اس طرح خوشی محسوس کر سکتے ہیں اور پاکستان کے نام سے کچھ پیسے کما سکتے ہیں۔‘
فلم کا ٹریلر
فلم ’اُڑتا تیر‘ 9 اکتوبر کو ریلیز ہوگی، دھرما پروڈکشنز اور سکھیا انٹرٹینمنٹ نے گذشتہ ہفتے اس کا ٹریلر جاری کیا تھا۔
فلم کے ٹریلر میں ایوشمان کھرانہ، سارہ علی خان، رام کپور، گلشن گرور، مُکل دیو اور راہُل بوس سمیت متعدد اداکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
مُکل دیو گذشتہ برس مئی میں وفات پا گئے تھے اور ’اُڑتا تیر‘ ان کی زندگی میں شوٹ کی گئی آخری فلم تھی۔
اس کے ٹریلر میں وہی کہانی دکھائی دیتی ہے، جو ایوشمان کھرانہ نے ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ میں سنائی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں ایک جگہ لکھا ہوا نظر آتا ہے: ’پاکستانی جاسوس بنا ہندوستانی دیش بھکت۔‘
ایوشمان کھرانہ اس فلم میں بلال کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے، جن کے بارے میں فلم میں پاکستانی فوج کے افسر کا کردار نبھانے والی گلشن گرور اور رام کپور کہتے ہیں: ’یہ دنیا کا پہلا بندہ ہے، جس دیش بھکتی (ملک سے محبت) تو یاد آ گئی، لیکن دیش (ملک) کون سا ہے، یہ بھول گیا ہے۔‘