عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر پابندی کا سامنا ہے، ان کے خلاف پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ضوابط کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور کوچ جارج جیسز کے درمیان کھیلنے کے وقت پر اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اسٹار فٹبالر ناراض ہوکر ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے۔ اس معاملے میں ممکنہ پابندی کی مدت ایک سے چھ ماہ تک ہوسکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ ڈسپلنری کونسل کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق اگر پابندی ایک ماہ سے زیادہ ہوئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز سے محروم ہوسکتے ہیں، تاہم مختصر پابندی کا امکان زیادہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچ کے وعدے سے انحراف پر انہیں مایوسی ہوئی، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے عمل کے نتائج سامنے آنے چاہییں اور قوانین سب کے لیے یکساں ہونے چاہییں۔
دوسری جانب کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے معاملات پر ہے۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے 234 میچز میں ریکارڈ 146 گول کرچکے ہیں۔