انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تازہ ترین رینکنگ میں پاکستان کا کوئی بھی بیٹر ٹاپ 5 میں جگہ نہیں بنا سکا ہے۔
بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ بھارت کے شبمن گل پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور بھارت کے ورات کوہلی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بولرز کی ون ڈے رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی دو درجے بہتری کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب حارث رؤف کی رینکنگ میں 9 درجے کی تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ 29 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔