سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہترین سہولیات فراہم کی ہیں، تاہم ان سرمایہ کاری کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے کوچز کی صلاحیتوں میں اضافہ ضروری ہے۔
سلمان بٹ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل نے کہا کہ فاسٹ بولرز کی تکنیک بہتر بنانے اور انہیں نئی گیند سے سوئنگ کرنے کی تربیت دینے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ کی ترقی کے لیے کی جانے والی سرمایہ کاری کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اسکول اور کلب کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینا ضروری ہے۔
عامر سہیل کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں صرف رنز اور وکٹوں کو معیار نہیں بنانا چاہیے، بلکہ ان کی تکنیک اور ذہنی مضبوطی کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ کوچز کی تربیت، بنیادی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی درست جانچ کے ذریعے پی سی بی کی سرمایہ کاری کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔