سعودی عرب میں کھجور اب صرف دسترخوان کی زینت نہیں رہے گی بلکہ اس سے تیار ہونے والی آئس کریم بھی میٹھے کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کرنے کے لیے تیار ہے! روایتی سعودی ذائقے کو جدید فوڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر کھجور آئس کریم متعارف کرائی گئی ہے۔
اس منفرد آئس کریم میں کھجور کا پیسٹ استعمال کیا جاتا ہے جس سے اس کی قدرتی مٹھاس اور مخصوص ذائقے کو آئس کریم کی نرم اور کریمی ساخت کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔
اس نئی پروڈکٹ کو کیفے، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں پیش کرنے کے علاوہ پیک شدہ شکل میں دکانوں پر فروخت کرنے کی بھی گنجائش ہے۔ اسے سیاحوں کے لیے خوبصورت پریمیم پیکنگ میں بطور سوغات بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تجربے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ اس اقدام کا مقصد سعودی کھجور کو نئی غذائی مصنوعات میں تبدیل کرکے اس کی مارکیٹ کو وسعت دینا ہے۔