1975 میں گم ہوا بٹوہ 2026 میں مل گیا، اندر کیا نکلا؟

image

کینیڈا میں ایک شخص کا 51 سال قبل گم ہونے والا بٹوہ اچانک مل گیا جسے دیکھ کر مالک حیران بھی ہوا اور خوش بھی۔

رچرڈ گیلوری کا بٹوہ 1975 میں کینیڈا کے علاقے ڈارٹ ماؤتھ میں گم ہوگیا تھا۔ 51 سال بعد ایک گھر کی مرمت کے دوران بڑھئی میٹی گولڈ اسمتھ کو یہ بٹوہ فرش کے نیچے سے ملا۔

بٹوے میں رچرڈ گیلوری کا ڈرائیونگ لائسنس، ہائی اسکول اسٹوڈنٹ آئی ڈی، ہاتھ سے لکھا برتھ سرٹیفکیٹ، ایک ڈالر کا نوٹ اور تھیٹر ڈرامے کا ٹکٹ موجود تھا۔

میٹی گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بٹوے کے مالک کو تلاش کرنے کی کوشش کی جس پر رچرڈ کی اہلیہ ڈونا گیلوری نے بٹوے میں موجود اشیا کی شناخت کرلی۔

یوں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے بعد بٹوہ اپنے اصل مالک تک پہنچ گیا۔ رچرڈ گیلوری نے کہا کہ وہ بٹوہ واپس ملنے پر بہت حیران اور خوش ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بٹوے میں موجود بعض اشیا نے انہیں مزید حیران کیا کیونکہ انہیں یاد نہیں تھا کہ انہوں نے 1975 میں تھیٹر ڈرامہ دیکھا تھا۔ ہاتھ سے لکھا ہوا برتھ سرٹیفکیٹ دیکھ کر بھی وہ حیران ہوئے اور انہیں یاد نہیں کہ ان کے والدین نے وہ دستاویز انہیں کیوں دی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US