برطانوی کاشتکار نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا، 2,856 پاؤنڈ وزنی کدو اگا لیا

image

برطانیہ کے ایک کاشتکار نے دنیا کا سب سے وزنی کدو اگانے کا اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ ایان پیٹن نے 2,856.8 پاؤنڈ، یعنی تقریباً 1,296 کلوگرام وزنی دیوہیکل کدو اگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

ہیمپشائر کے علاقے لیمنگٹن سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ ایان پیٹن اپنے کدو، جس کا نام انہوں نے ’’بگھیرا‘‘ رکھا ہے کو برکشائر میں ہونے والے مقابلے میں لائے جہاں 3 اکتوبر کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کی نگرانی میں اس کا باضابطہ وزن کیا گیا۔

اس سے قبل ایان پیٹن اور ان کے بھائی اسٹورٹ نے 2025 میں 2,819.25 پاؤنڈ وزنی کدو اگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جسے اب ایان پیٹن نے مزید بڑے کدو کے ذریعے توڑ دیا ہے۔

کاشتکار کے مطابق وہ کدو کی دیکھ بھال پر روزانہ چھ گھنٹے تک صرف کرتے تھے اور اسے روزانہ تقریباً 130 گیلن پانی دیتے تھے۔

ایان پیٹن نے بتایا کہ دیوہیکل کدو آئندہ چند ہفتوں تک ساؤتھمپٹن کے قریب سنی فیلڈز فارم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا، جس کے بعد اسے مویشیوں کے چارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US