بھارت میں ایک نوجوان اپنی نئی نویلی دلہن کو چڑیا گھر کی سیر کرانے لے گیا، لیکن چند منٹ بعد واپس آیا تو بیوی وہاں موجود نہیں تھی۔ یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں پیش آیا، جہاں 21 سالہ شوہر اپنی 18 سالہ اہلیہ کے ساتھ گھومنے کے لیے پہنچا تھا، مگر یہ سیر اس کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان نے چڑیا گھر کے مرکزی دروازے پر اہلیہ کو انتظار کرنے کا کہا اور خود موٹر سائیکل پارک کرنے چلا گیا۔ جب وہ کچھ دیر بعد واپس لوٹا تو بیوی غائب تھی۔ اردگرد تلاش کرنے کے باوجود کوئی سراغ نہ ملا، جبکہ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاتون کو مبینہ طور پر ایک دوسرے شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے دیکھا گیا۔
اہلیہ کے اچانک لاپتا ہونے پر شوہر نے پولیس سے رابطہ کیا اور ارمان خان نامی نوجوان پر اپنی بیوی کو بہلا پھسلا کر ساتھ لے جانے کا الزام عائد کیا۔ شوہر کی شکایت پر پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے اور خاتون کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے ملنے اور اس کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی یا اسے کسی نے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ فی الحال شوہر کے الزامات کی تصدیق نہیں ہوسکی اور پولیس واقعے کی اصل حقیقت جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔