پاکستان آرمی نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج (ای آر) کا کامیاب تجرباتی لانچ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایوی اونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج میزائل منفرد پروازی راستے اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے، جبکہ اس کی توسیع شدہ رینج پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت اور عملیاتی رسائی میں مزید اضافہ کرے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کے کامیاب تجرباتی لانچ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنس دانوں و انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے اس اہم کامیابی پر سائنس دانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے فتح ٹو میزائل کے توسیع شدہ رینج والے ورژن کے کامیاب تجرباتی لانچ پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔