’آج سیکھنے کا دن رہا‘: سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے ٹی 20 میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکا۔ سلمان مرزا دو اوورز میں 25 رنز دے کر مہنگے ثابت ہوئے۔ رضا اللہ نے بھی تین اوورز میں 33 رنز دیے۔
Pakistan Sri Lanka
Getty Images

سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ کپتان صاحبزادہ فرحان کی مسلسل تیسری نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا، جو اس نے 18 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

تین میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز جیت کر پاکستان نے پہلے ہی اپنے نام کر لی تھی۔

سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 87 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکا۔ سلمان مرزا دو اوورز میں 25 رنز دے کر مہنگے ثابت ہوئے۔ رضا اللہ نے بھی تین اوورز میں 33 رنز دیے۔

سفیان مقیم نے چار اوورز میں 36 جبکہ عرفات منہاس نے تین اوورز میں 26 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

Sri Lanka Pakistan
Getty Images

پاکستان کی بیٹنگ کا احوال

تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان اور ابرار احمد کی جگہ رضا اللہ، عبد الصمد، عرفات منہاس اور سفیان مقیم کو شامل کیا گیا۔

پاکستان کی پاوور پلے میں دو وکٹیں اس وقت گر گئیں جب فخر زمان 12 اور معاذ صداقت بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

مڈل اوورز میں پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، تاہم کپتان صاحبزادہ فرحان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

پاکستانی کپتان نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔

آل راؤنڈر عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

حسن نواز نے 17 گیندوں پر 16، خواجہ نافع نے پانچ گیندوں پر تین، عبد الصمد نے 10 گیندوں پر 15 جبکہ محمد عمران نے 10 گیندوں پر چھ رنز بنائے۔

خیال رہے کہ پاکستان تین میچز کی ٹی 20 سیریز پہلے ہی دو، صفر سے اپنے نام کر چکا ہے۔

Pakistan Cricket
Getty Images

سری لنکا کی جانب سے بینورا فرنینڈس نے چار اوورز میں 45 رنز دیے جبکہ ایشان ملنگا نے چار اوورز میں 38رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

وجے کانت ویاس کانت نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ داسن شناکا نے چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں سری لنکا کو چار وکٹوں جبکہ دوسرے ٹی 20 میں 82 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی تھی۔

سوشل میڈیا پر ردِعمل

پاکستان ٹیم کی شکست پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارف عثمان نے لکھا کہ پاکستان کے پاس سکور بورڈ پر کافی رنز نہیں تھے۔ پوری سیریز میں فرحان اور معاذ ہی بیٹنگ کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھے، لیکن آج معاذ جلد آؤٹ ہو گئے اور بیٹنگ لائن اپ اس ہموار پچ پر کوئی بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی۔

’تو آج کا دن سیکھنے کا دن رہا۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US