اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ سعودی عرب کو نشانہ بنانا اس کی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ ایسے اقدامات یمن میں جنگ بندی اور امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے حوثیوں کے حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں یمن کے بحران کے مستقل سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں اور امن عمل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔