مُشاق تربیتی طیارہ حادثے میں شہید میجر حسنین شہزاد اور کیپٹن عبدالصمد کی نمازِ جنازہ ادا

image

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب مُشاق تربیتی طیارے کے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں افسران 12 اکتوبر 2026 کو تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہوئے تھے۔ شہداء کی نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہداء کی جرأت، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US