سوشل میڈیا پر گھنی سیاہ مونچھوں والے نومولود بچے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔ ویڈیو کو ایکواڈور سے منسوب کیا جا رہا ہے، تاہم بچے اور اس کی جائے پیدائش کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کیے جا رہے ہیں جبکہ بعض افراد اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) یا ڈیجیٹل فلٹر کا کمال قرار دے رہے ہیں۔
فیکٹ چیک رپورٹ کے مطابق بچے کے چہرے کی حرکت کے ساتھ مونچھوں میں غیر معمولی تبدیلیاں اور روشنی میں فرق ڈیجیٹل ایڈیٹنگ کا امکان ظاہر کرتے ہیں۔ ویڈیو کی حقیقت کی تصدیق کے لیے کسی اسپتال، ڈاکٹر یا بچے کے خاندان کا مستند بیان بھی سامنے نہیں آیا۔
طبی ماہرین کے مطابق نومولود بچوں کے جسم اور چہرے پر لینوگو نامی باریک بال ہوسکتے ہیں، لیکن ویڈیو میں دکھائی دینے والی گھنی مونچھوں کا قدرتی ہونا ثابت نہیں۔ اس لیے فی الحال اسے حقیقی پیدائشی کیفیت قرار دینا درست نہیں ہوگا۔