جنوبی کوریا میں ایک شارک نے امدادی کارکنوں کی بار بار کوششوں کے باوجود کھلے سمندر میں جانے سے انکار کردیا اور رکاوٹیں توڑ کر دوبارہ اسی نہر میں واپس آگئی جہاں وہ کئی ہفتوں سے پھنسی ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر بوسان کی ایک مصنوعی نہر میں پھنسی شارک کو سمندر میں واپس بھیجنے کے لیے حکام کئی مرتبہ کارروائی کرچکے ہیں، تاہم ہر بار انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق امدادی کارکنوں نے بڑے جالوں کی مدد سے شارک کو نہر سے نکال کر کھلے سمندر کی طرف منتقل کرنے کی کوشش کی۔ تیسری کوشش کے دوران شارک کو کچھ حد تک سمندر کی جانب لے جانے میں کامیابی بھی ملی، لیکن چند گھنٹوں بعد وہ رکاوٹیں توڑ کر دوبارہ اسی نہر میں پہنچ گئی۔
’بوکانگی‘ (Bukangi) کے نام سے مشہور ہونے والی یہ شارک اب لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں شہری نہر کے کنارے جمع ہوتے ہیں۔
حکام کے مطابق شارک کو دوبارہ نہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے رکاوٹوں کو مزید مضبوط کردیا گیا ہے، تاہم وہ اب تک کھلے سمندر میں جانے کے بجائے بار بار اسی آبی گزرگاہ کا رخ کررہی ہے۔
شارک کے بار بار واپس آنے کے اس غیر معمولی رویے نے مقامی لوگوں میں تجسس پیدا کردیا ہے، جبکہ اسے محفوظ طریقے سے سمندر میں منتقل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں