بولیویا کے شہر سانتا کروز میں واقع آنکولوجی انسٹیٹیوٹ آف ایسٹرن بولیویا کے باہر 'مارٹن' نامی ایک مرغا پچھلے 8 سال سے اپنے فوت شدہ مالک کی یاد میں اسپتال کے احاطے میں موجود ہے۔
یہ مرغا اس وقت اس اسپتال آیا تھا جب وہ ایک چھوٹا چوزہ تھا اور اس کا مالک کینسر کے علاج کے لیے وہاں داخل ہوا تھا، جہاں علاج کے دوران اس کا انتقال ہوگیا تھا۔
مارٹن نے تب سے اسپتال سے جانے سے انکار کردیا ہے اور اسے اسپتال کے عملے، مریضوں اور اردگرد کے دکانداروں کی جانب سے باقاعدگی سے کھانا کھلایا جاتا ہے، جبکہ کوئی بھی اسے پکڑنے کی کوشش نہیں کرتا تاکہ وہ وہیں رہ سکے۔
زیادہ تر خاموش رہنے والے اس پرندے کو وہاں کے لوگ مزاحمت اور محبت کی علامت سمجھتے ہیں اور اسے 'بولیوین ہاچیکو' کا نام دیا گیا ہے۔
ہاچیکو اس مشہور جاپانی کتے کو کہا جاتا ہے جو اپنے مالک کی وفات کے بعد 9 سال سے زائد عرصے تک روزانہ ریلوے اسٹیشن پر ان کے واپس آنے کا انتظار کرتا رہا تھا۔