پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 600 سے زائد پوائنٹس کی کمی

image

عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو بھی فروخت کا دباؤ برقرار رہا، جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس گرگیا۔

کاروبار کے دوران صبح 9 بج کر 50 منٹ پر انڈیکس 625.74 پوائنٹس یا 0.38 فیصد کمی کے بعد 163,298.57 پوائنٹس پر آگیا۔

آٹو موبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں فروخت دیکھی گئی۔ اے آر ایل، حبکو، ماری پیٹرولیم، پی پی ایل، پول، ایم سی بی، ایم ای بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل کے حصص بھی منفی زون میں رہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی تھی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 2,006.67 پوائنٹس یا 1.21 فیصد کمی کے بعد 163,924.32 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مارکیٹ میں مسلسل جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مثبت محرکات کی کمی کو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US