راولپنڈی شاہ خالد کالونی میں خاتون پر مبینہ تشدد اور سر کے بال کاٹنے کے معاملے میں تھانہ چکلالہ پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے خاتون کی ساس، سسر اور شوہر کو حراست میں لے لیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کی پانچ ماہ قبل حسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، تاہم اس کا الزام ہے کہ سسرال والے شادی کے ابتدائی دنوں سے ہی اسے تشدد کا نشانہ بناتے اور لوگوں کے گھروں میں کام کرنے پر مجبور کرتے تھے۔ خاتون کے مطابق اس نے اپنا گھر بچانے کے لیے تمام تر حالات برداشت کیے۔
ایف آئی آر میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ 25 اکتوبر کو شوہر کی غیر موجودگی میں اس کی ساس، سسر اور دیور نے مبینہ طور پر تشدد کیا اور اس کے سر کے بال کاٹ دیے۔ خاتون کے مطابق جب اس نے شوہر کو واقعے سے آگاہ کیا تو اس نے بھی اسے مزید تشدد کا نشانہ بنایا اور کمرے میں بند کردیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق وہ کسی طرح پڑوسیوں کے گھر پہنچی اور اپنے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دی۔
خاتون کی تشدد اور بال کاٹے جانے سے متعلق ویڈیو گزشتہ شب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی ساس، سسر اور شوہر کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔