گوجرانوالہ: رشتے سے انکار پر دلہن ولیمے کے روز قتل، ملزمان کی تلاش شروع

image

گوجرانوالہ میں رشتے سے انکار پر مبینہ طور پر فائرنگ کرکے دلہن کو ولیمے کے روز قتل کردیا گیا، افسوسناک واقعہ تھانہ اروپ کے علاقے گلشن کالونی میں پیش آیا، جہاں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔

اہل خانہ کے مطابق ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن صبا کی گاڑی کو موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے روک لیا، جس کے بعد سرفراز نامی ملزم نے دلہن پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں صبا کے پیٹ میں گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگئی۔

زخمی دلہن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔ واقعے کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا اور خوشیوں بھرا گھر سوگ میں ڈوب گیا۔

پولیس نے تھانہ اروپ میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ رشتے سے انکار بتایا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US