کراچی: پولیس مقابلے، 2 مطلوب ڈاکو ہلاک، 7 زخمی حالت میں گرفتار

image

کراچی شہید ملت روڈ پر ہل پارک کے قریب فیروزآباد پولیس اور شاہین فورس کی کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 انتہائی مطلوب ڈاکو مارے گئے۔

ترجمان ایسسٹ پولیس کے مطابق پولیس وانوں کو دیکھتے ہی مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت صابر ولد عبدالحق اور محمد شعیب ولد محمد شفیق کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ چھیپا ذرائع کے مطابق لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ملزمان کراچی میں متعدد ہائی پروفائل ڈکیتیوں میں ملوث تھے، جن میں فشری میں ایک کروڑ 55 لاکھ روپے اور فیروزآباد میں 78 لاکھ روپے کی وارداتیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملزم صابر محمودآباد میں اپنی سالی کو قتل کرنے کے مقدمے میں بھی ملوث تھا۔

پولیس نے موقع سے 2 نائن ایم ایم پسٹل، کار جیمر، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کرلی ہے۔ ملزمان کے گینگ کے خلاف شہر میں ڈکیتیوں اور کار اسنیچنگ کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 7 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 بلاک جے کے قریب مقابلے میں 35 سالہ زاہد ولد بابو جان زخمی ہوا۔ نیو کراچی سیکٹر 11 جی منگل بازار کے قریب مقابلے میں 30 سالہ مولا داد ولد خدا داد زخمی ہوا۔

سرجانی ٹاؤن لیاری خدا کی بستی کے قریب مقابلے میں 26 سالہ عمر ولد شمس الرحمان زخمی ہوا۔ ملیر ندی کے قریب مقابلے میں 21 سالہ عزیر شاہ ولد نذیر شاہ زخمی ہوا۔

اسٹیل مل پل کے قریب مقابلے میں 20 سالہ زاہد ولد محمد شعبان زخمی ہوا۔ ایف بی ایریا بلاک 5 ندی کے قریب مقابلے میں 30 سالہ کامران ولد زبیر شاہ زخمی ہوا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک جی کے قریب مقابلے میں 25 سالہ شاہ رخ ولد طارق زخمی ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US