لاہور میں لڑکی پر سرِعام تشدد، ملزم نے زمین پر پٹخ کر بال نوچے، لیپ ٹاپ بھی توڑ دیا

image

لاہور کے علاقے مزنگ لنک روڈ پر موٹر سائیکل سوار شخص نے اوورٹیک کرنے کے تنازع پر اسکوٹی سوار لڑکی کو سرِعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نے لڑکی کا راستہ روک کر اسے پکڑا اور زمین پر پٹخ دیا جبکہ اسے تھپڑ مارے اور بال بھی نوچے۔ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو بچایا جس پر ملزم اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ شہریوں نے موٹر سائیکل پولیس کے حوالے کردی۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت غلام مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے جسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر پٹخ دیا جس میں موجود 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔

پولیس کے مطابق تشدد کے نتیجے میں لڑکی کی ناک کی ہڈی متاثر ہوئی اور چہرے پر بھی زخم آئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اوورٹیک کرنے کے تنازع پر تشدد کیا گیا اور ملزم کو بعد میں معلوم ہوا کہ اسکوٹی سوار لڑکی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US