کراچی میں بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ آن لائن نیٹ ورک میں پھنسی 13 سالہ بچی کو بحفاظت بچا لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق بچی کو ڈارک ویب سے منسلک ایک گروہ کی جانب سے مختلف ٹاسک دیے جا رہے تھے۔ پہلے ٹاسک میں بچی سے بلی کو زہر دے کر مروایا گیا، جبکہ دوسرے ٹاسک میں اسے خود کو شدید نقصان پہنچانے کا حکم دیا گیا۔
حکام کے مطابق دوسرا ٹاسک مکمل ہونے سے پہلے ہی این سی سی آئی اے کی ٹیم بچی تک پہنچ گئی اور اسے بچا لیا۔ بچی کے والدین اس کی آن لائن سرگرمیوں سے مکمل طور پر لاعلم تھے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بچی سے رابطے میں رہنے والے اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس پہلو کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا مذکورہ نیٹ ورک نے پاکستان میں دیگر بچوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔