راولپنڈی کے علاقے قریشی آباد میں گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ابتدائی تحقیقات میں دونوں خواتین کو قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت راویلا بی بی اور ان کی 24 سالہ بیٹی نومین کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماں کو گلا دبا کر، جبکہ بیٹی کو سر پر کسی آہنی چیز سے وار کرکے قتل کیا گیا۔
واقعے کے وقت گھر میں موجود مقتولہ کی پانچ سالہ نواسی اور تین سالہ نواسہ سو رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں بچوں سے بھی ابتدائی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق مقتولہ اپنے بیٹوں سے ناراض ہو کر راولپنڈی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ پولیس نے مقتولہ کے دونوں بیٹوں کو طلب کر کے ان کے ابتدائی بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ دونوں بیٹوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ طویل عرصے سے ان کا اپنی والدہ اور بہن سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، جبکہ گھر کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ واقعے کی تفتیش کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کریں گے۔ تحقیقات میں سی سی ڈی کے ماہر افسران کی معاونت بھی حاصل کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے دو خواتین کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعے کی تحقیقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔