کوٹ ادو میں بچی سے مبینہ زیادتی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم دو گھنٹے میں گرفتار

image

کوٹ ادو پنجاب کے ضلع کوٹ ادو کی تحصیل سرور شہید میں تین سالہ معصوم بچی سے مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے واقعے کے صرف دو گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس اور ایف آئی آر کے مطابق تین سالہ بچی دیگر بچوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے گھر سے باہر نکلی، تاہم کافی دیر گزرنے کے باوجود واپس نہ آنے پر اہل خانہ کو تشویش لاحق ہوئی اور انہوں نے بچی کی تلاش شروع کردی۔ تلاش کے دوران ایک گھر سے بچی کے رونے کی آواز سنائی دی۔

ایف آئی آر میں والد نے مؤقف اختیار کیا کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو ملزم مبینہ طور پر ان کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کررہا تھا۔ والد کے مطابق اہل خانہ کو اپنی جانب آتا دیکھ کر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ ملزم علاقے میں سبزی کی ریڑھی لگاتا تھا اور اس نے بچی کو مبینہ طور پر بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ ایک سنسان مقام پر لے جاکر جرم کا ارتکاب کیا۔

واقعے سے متعلق سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو ملزم کے ساتھ ویرانے کی جانب جاتے اور بعدازاں روتے ہوئے واپس بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گرفتار ملزم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے صرف دو گھنٹوں میں گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا قرار دیا اور ملزم کی عمر کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے مبینہ گھناؤنے فعل پر بھی سوال اٹھایا۔

واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ کمسن بچوں کے تحفظ اور ایسے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے تھانہ سٹی سرور شہید میں بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US