مری میں شادی سے واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے افراد کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مری کے علاقے بڑوھا لنک روڈ پر پیش آیا جہاں خاندان کی گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث 7 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 40 سالہ ارشد، 35 سالہ نگہت، 17 سالہ لائبہ، 10 سالہ طیب محمود، 7 سالہ رائمہ نور، 4 سالہ کاشان اور ڈیڑھ سالہ آئمہ نور شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد سوار تھے، جو قریبی گاؤں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔