انگلش فٹبال کے کاراباؤ کپ میں بڑا اپ سیٹ سامنے آگیا، جہاں چوتھے درجے کی ٹیم فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے مضبوط حریف آرسنل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-5 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کھیل پیش کیا۔ آرون لوپالو بی نے 21ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم دوسرے ہاف میں وکٹر گیوکیریس نے آرسنل کے لیے مقابلہ برابر کردیا۔ مقررہ وقت میں مزید گول نہ ہونے پر فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا۔
میچ کے 86ویں منٹ میں آرسنل کے نوجوان کھلاڑی میکس ڈاؤمن کو مخالف کھلاڑی سے ٹکراؤ کے بعد لات چلانے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فلیٹ ووڈ کے گول کیپر جے لنچ نے برونو گیمارائش کی کک روک کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی جبکہ کونر ہاؤگھی نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے آرسنل کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔