اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل میں قیدیوں کے جیل ٹرائل کے لیے کورٹ رومز تیار کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد جیل ٹرائل والے قیدیوں کے مقدمات کی سماعت اسلام آباد جیل میں ہی ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف جلد اس پہلی ماڈل جیل کا افتتاح کریں گے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ بھی کیا۔
سپرنٹنڈنٹ اسلام آباد ماڈل جیل علی اکبر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت اسلام آباد کے قیدی عارضی طور پر اڈیالہ جیل میں مقید ہیں جنہیں جلد وفاقی جیل منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قیدیوں کی منتقلی عدالتی احکامات یا وزارت داخلہ کے آرڈرز کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔
ان کے مطابق وفاقی جیل میں کل 4 ہزار قیدیوں کی گنجائش موجود ہے تاہم پہلے مرحلے میں 1500 قیدی منتقل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ ابھی خواتین قیدیوں کی بیرک تیار نہیں ہے، اس لیے ابتدائی طور پر خواتین قیدیوں کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔