پشین کے علاقے بوستان میں دیرینہ دشمنی کے شاخسانے پر مخالفین نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس اور شدید کشیدگی پھیل گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ واقعے کے بعد بوستان اور گرد و نواح کے علاقوں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی مزید ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری کو علاقے میں روانہ کردیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔