ایران سے ایل پی جی کی ترسیل عارضی طور پر بحال ہونے کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی آگئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران فی کلو قیمت میں 30 سے 40 روپے کمی ہوئی ہے جبکہ آئندہ دو سے تین روز میں مزید 30 روپے فی کلو کمی متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 16 اکتوبر تک ایرانی ریفائنریز سے لوڈ ہوکر پاک ایران سرحد پر پہنچنے والے ایل پی جی باؤزرز کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس دوران لوڈ ہونے والی ایل پی جی کی مجموعی مقدار 8 سے 9 ہزار ٹن ہے، جو صرف تین روز کی ضروریات پوری کرسکتی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ایران سے سپلائی کی عارضی بحالی سے ایل پی جی کا بحران مستقل طور پر حل نہیں ہوگا اور موسم سرما میں قلت کا خطرہ برقرار ہے۔