پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کاروبار کے ابتدائی منٹوں میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1,579 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 11 بج کر 10 منٹ پر انڈیکس 1,579.65 پوائنٹس یا 0.95 فیصد اضافے کے بعد 167,316.40 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جس سے مارکیٹ میں خریداری کے مضبوط رجحان کی عکاسی ہوئی۔
کاروبار کے دوران آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی۔ مثبت کاروبار کرنے والی نمایاں کمپنیوں میں پی او ایل، ماری، کے الیکٹرک، حبکو، میزان بینک، ایم سی بی، ایچ بی ایل، ایس این جی پی ایل، پی ایس او، پی پی ایل اور یو بی ایل شامل رہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا اور کاروباری سیشن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,269.55 پوائنٹس یا 0.77 فیصد اضافے کے ساتھ 165,736.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔