وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایک ہی شہر میں غریب اور امیر کے درمیان قانون کے اطلاق میں فرق نہیں ہو سکتا، قانون سب کے لیے برابر ہے اور کوئی بھی شخص قانون کے شکنجے سے باہر نہیں۔ کانسٹیٹیوشن ون ایونیو میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ نیب اس معاملے کی تحقیقات میرٹ پر کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی رپورٹ میں مختلف کوتاہیوں کی نشاندہی کی ہے، جسے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں سامنے آنے والے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور نیب قانون کے مطابق میرٹ پر تحقیقات کرے گا۔ کانسٹیٹیوشن ون ایونیو میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے مفادات کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی اور مساوات کے اصول پر یقین رکھتی ہے۔ یہ مساوات کا وہ عمل ہے جس کے تحت کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا اور ہر معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے نام پر فراڈ کیا گیا، منصوبے میں ہونے والی بے ضابطگیوں میں سی ڈی اے کی جانب سے بھی کوتاہیاں سامنے آئی ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں منصوبے کی دوبارہ نیلامی اور عمارت کا نام تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کر دی ہے، جس میں منصوبے سے متعلق مختلف بے ضابطگیوں اور انتظامی کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے متاثرین کو ان کے نقصانات کا معاوضہ ادا کیا جائے گا، جبکہ نیب کو معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران سی ڈی اے سمیت جس کسی کی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی ہوئی، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کا منصوبہ گزشتہ 20 سال سے زیر التوا ہے اور اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے دونوں ادوار میں دو مرتبہ کارروائی کی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی اس منصوبے میں ایک فلیٹ حاصل کیا تھا۔
طلال چوہدری نے مزید بتایا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں نیب کو تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق پیش رفت کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں نیب کو ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے کی مزید تحقیقات کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاملے کی تحقیقات شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائیں گی اور ذمہ داروں کا تعین قانون کے مطابق کیا جائے گا۔