بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بیماری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ ان کے کیس میں عدالتوں کے ذریعے قانونی ریلیف حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں پیر کے روز طویل وقفے کے بعد عمران خان سے ان کے وکیل کی ملاقات ہوئی، جس میں سابق وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سمیت ملک کی تازہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کو باہمی اتفاق کے تحت سیاسی گفتگو کے بجائے پیشہ ورانہ اور قانونی امور تک محدود رکھا گیا۔ اس دوران عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، جسے ذرائع نے تسلی بخش قرار دیا۔
ملاقات میں بشریٰ بی بی کی آنکھوں سے متعلق طبی مسائل کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر عمران خان نے تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ان کے مقدمات میں قانون کے مطابق ریلیف کے حصول کے لیے مناسب عدالتی فورمز سے رجوع کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سیاسی کشیدگی کے دوران ہوئی، تاہم ملاقات میں سیاسی معاملات کے بجائے قانونی امور پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔