متحدہ عرب امارات میں ایک کمپنی کی خاتون سربراہ نے اپنی ملازماؤں کو قیمتی موبائل فون تحفے میں دے کر خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ اس اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔
کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے دفتر میں کام کرنے والی خواتین کی میزوں پر اچانک تحفوں کے ڈبے رکھوا دیے۔ جب ملازماؤں نے انہیں کھولا تو اندر تقریباً 2 ہزار ڈالر، یعنی ساڑھے 5 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کے آئی فون موجود تھے۔
حسینہ نشاد نے صرف دفتری ملازماؤں کو ہی نہیں بلکہ گھر میں صفائی کرنے والی خاتون کو بھی مہنگا فون تحفے میں دیا۔ قیمتی تحفہ ملنے پر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور حسینہ نشاد کو گلے لگا کر رونے لگیں۔
انسٹاگرام پر اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے حسینہ نشاد کا کہنا تھا کہ ہر عورت اپنی زندگی میں مختلف مشکلات، ذمہ داریوں اور خواہشات کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ خواتین خود پر بھروسہ کریں، اپنے فیصلوں میں مضبوط ہوں اور اپنے مقاصد حاصل کریں۔
ان کے مطابق کسی عورت کو کامیاب ہوتے دیکھنا ان کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے، کیونکہ ایک خاتون کی ترقی دوسری خواتین کو بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔