کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی اداروں (CCoSOEs) نے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے چیئرمین اور آزاد ڈائریکٹر کی تقرری سمیت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنو تشکیل اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق تجاویز منظور کرلیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری ملکیتی اداروں کے بورڈز سے متعلق دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ تفصیلی مشاورت کے بعد دونوں تجاویز کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ ان بورڈز میں بطور ایکس آفیشیو ڈائریکٹرز خدمات انجام دینے والے سرکاری نمائندوں کی تعیناتی کرتے وقت ان کی اہلیت، متعلقہ تجربے اور ادارہ جاتی امور سے آگاہی کو مدنظر رکھا جائے تاکہ وہ اپنے متعلقہ ڈویژنز کی مؤثر نمائندگی کرسکیں۔