تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل میں چٹان کا کمزور حصہ گرنے کے واقعے کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا حکام آج جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزارت آبی وسائل کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے حکام جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، جس کے بعد انکوائری کرانے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کے اسباب، پس منظر اور اب تک کیے گئے اقدامات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ میں مالی و دیگر نقصانات اور ذمہ داریوں کے تعین سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح اور بہاؤ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے تجاوز کرسکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کو احتیاطی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو دریائے سندھ کے کناروں پر جانے، نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔
واضح رہے کہ واپڈا ترجمان کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بینچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے ذریعے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے۔