ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی، سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

image

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

بدھ کے روز بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور وسطی پنجاب میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب میں مری، گلیات اور گردونواح میں شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور میں صبح کے وقت دھند اور اسموگ چھانے کا خدشہ ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم خنک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ بابوسر میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 4، اسکردو میں منفی ایک، بابوسر اور استور میں 2 جبکہ گوپس اور دیر میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US