میرے سابق شوہر نے شادی کے پہلے ہی مہینے مجھ سے 50 لاکھ روپے لے لیے تھے۔ جب میں نے خلع کے لیے درخواست دی تو میرے بینک اکاؤنٹ میں صرف 200 روپے بچے تھے۔ انہی 200 روپے سے میں نے اپنی زندگی دوبارہ شروع کی۔ میں نے اتنی مشکلات دیکھی ہیں کہ اللہ نے مجھے سکھا دیا کہ اگر میں 200 روپے سے نئی شروعات کر سکتی ہوں تو کہیں سے بھی اپنی زندگی بنا سکتی ہوں۔ کچھ مرد خودمختار اور کمانے والی خواتین سے اس لیے شادی کرتے ہیں کیونکہ ان کے پاس پیسہ ہوتا ہے۔ اگر کوئی عورت گھر سنبھالنا چاہے تو اس پر دوبارہ کام کرنے کا دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ ہر مرد ایسا نہیں ہوتا، لیکن ایسے لوگ موجود ہیں۔
پاکستانی اداکارہ اور میزبان مایا خان نے اپنی ناکام شادی اور مالی مشکلات سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہیں زندگی کے مشکل ترین حالات میں سب کچھ دوبارہ شروع کرنا پڑا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مایا خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابق شوہر نے شادی کے ابتدائی دنوں میں ان سے بڑی رقم حاصل کی، جبکہ علیحدگی کا فیصلہ کرتے وقت وہ مالی طور پر انتہائی مشکل صورتحال سے گزر رہی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ہمت ہارنے کے بجائے محدود وسائل کے ساتھ نئی زندگی کی بنیاد رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تلخ تجربات نے انہیں خود پر بھروسہ کرنا اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سکھایا۔
مایا خان نے شادی شدہ خواتین پر مالی دباؤ کے معاملے پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق بعض خاندان ملازمت پیشہ خواتین کی آمدنی پر انحصار کرنے لگتے ہیں، جس کے باعث وہ اپنی خواہش کے باوجود گھر اور خاندان کو مکمل وقت نہیں دے پاتیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام مردوں کا رویہ ایک جیسا نہیں ہوتا، تاہم کچھ خواتین کو ازدواجی زندگی میں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں ان کی ذاتی خواہشات سے زیادہ ان کی کمائی کو اہمیت دی جاتی ہے۔
مایا خان کے اس بیان میں ان کی زندگی کے مشکل تجربات کے ساتھ مالی خودمختاری، ازدواجی ذمہ داریوں اور خواتین کے ذاتی فیصلوں جیسے اہم پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔