اینکر ربیعہ احسن قتل کیس، موبائل فونز کے ابتدائی تجزیے میں میاں بیوی کے درمیان اختلاف کا ثبوت نہ مل سکا

image

خاتون اینکر ربیعہ احسن قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتولہ کے دونوں موبائل فونز کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا، جس کے دوران میاں بیوی کے درمیان کسی تنازع یا اختلاف کا ثبوت نہیں ملا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کے دونوں موبائل فونز پر پاس ورڈ یا لاک کوڈ موجود نہیں تھا، جس کے باعث پولیس کو ڈیٹا تک رسائی میں دشواری پیش نہیں آئی۔ پولیس نے مقتولہ اور ان کے شوہر احسن کے درمیان ہونے والی چیٹ کا بھی جائزہ لیا، تاہم ابتدائی تجزیے میں کسی قسم کے باہمی اختلاف یا تنازع کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے دونوں موبائل فونز اور ان کے شوہر کے موبائل فون کا مکمل فرانزک تجزیہ کرایا جا رہا ہے، جس کی رپورٹ پولیس چالان کا حصہ بنائی جائے گی۔

دوسری جانب قتل کیس میں مزید تفتیش کے لیے پولیس ملزم احسن کو پولی گراف ٹیسٹ کے لیے لاہور لے گئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ اور پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کا بھی تجزیہ کرایا جائے گا، جبکہ ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق کیس کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ، پولی گراف اور ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج کو تفتیش کا حصہ بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US