ابوظبی ٹی 10 لیگ کے دوران ایک پریس کانفرنس میں پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اسپنر عثمان طارق کے سست اور منفرد بولنگ ایکشن پر دلچسپ انداز میں سوال اٹھایا، جس پر عثمان طارق نے بھی مزاحیہ جواب دے کر سب کو ہنسادیا۔
رائل ڈیزرٹ چیمپئنز کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ نے عثمان طارق سے سوال کیا کہ جب آپ بولنگ کرتے ہیں تو کیا کبھی محسوس نہیں ہوتا کہ تھوڑی تیزی دکھانی چاہیے؟ نسیم شاہ نے مزید کہا کہ بولنگ ایکشن کے دوران بیٹر تو آرام سے ایک کپ چائے بھی پی سکتا ہے، کیا کبھی بیٹر پر ترس نہیں آتا کہ وہ اتنی دیر سے انتظار کر رہا ہے؟
اسپنر عثمان طارق نے جواب دیا کہ وہ چاہتے ہیں بیٹر سکون سے شاٹ کھیلے تاکہ اسے بھی کھیل کا مزہ آئے اور انہیں بھی لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔ عثمان طارق نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اگر بیٹر کو چائے یا کچھ اور پینا ہے تو وہ اپنی جیب میں ساتھ لے کر آئے۔
واضح رہے کہ یونائیٹڈ ٹائیگرز کی نمائندگی کرنے والے عثمان طارق اپنے منفرد اور رک رک کر بولنگ کرنے کے انداز کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ وہ گیند کرانے سے عین پہلے رک کر بیٹر کے پاؤں کی حرکت کا جائزہ لیتے ہیں اور پھر اس کے مطابق گیند کراتے ہیں۔
عثمان طارق نے ابوظبی ٹی 10 میں بھی عمدہ آغاز کیا ہے، جہاں وہ 2 میچز میں 4 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 5.75 رہا، جو ابتدائی ویک اینڈ کے بعد ٹورنامنٹ میں بہترین ہے۔