میری زندگی میں کوئی مرد نہیں، مستقبل کا بھی کچھ نہیں کہہ سکتی، ثانیہ مرزا نے خاموشی توڑ دی

image

بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی اور نئے رشتے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر پہلی بار واضح مؤقف پیش کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ اس وقت کسی کے ساتھ رومانوی تعلق میں نہیں ہیں۔

بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا کے شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں ثانیہ مرزا نے اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ساتھ شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی نے انہیں کافی ڈیٹ پر جانے کی پیشکش کی ہے؟

اس سوال پر ثانیہ نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں گھومنے پھرنے یا سفر پر ساتھ چلنے کا کہتے ہیں، لیکن وہ انہیں صرف دوست سمجھتی ہیں اور ان کے ساتھ کسی رومانوی تعلق کے بارے میں نہیں سوچتیں۔

اسی دوران فرح خان نے انکشاف کیا کہ کئی لوگ ان سے رابطہ کرکے ثانیہ کے رشتے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس پر سابق ٹینس اسٹار نے صاف الفاظ میں کہا کہ فی الحال ان کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں اور وہ یہ بھی نہیں جانتیں کہ مستقبل میں کوئی شخص ان کی زندگی کا حصہ بنے گا یا نہیں۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، جبکہ 2018 میں ان کے بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی۔ دونوں کا ازدواجی تعلق 2023 میں ختم ہوا، جس کے بعد شعیب ملک نے جنوری 2024 میں اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کر لی۔

شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ تر خبروں سے دور رکھا اور اپنے بیٹے، خاندان اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر توجہ دی۔ ان کے حالیہ بیان سے کم از کم موجودہ تعلقات کے حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں کی وضاحت ہوگئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US